لکھنؤ: 3 دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے نوٹ بندی کو تاریخی اورقومی مفادمیں لیاگیا فیصلہ بتاتے ہوئے آج کہا کہ اس فیصلے پرشکوہ شکایت کرنے والے مرکزی حکومت کو 50دن کا وقت دیں۔راج ناتھ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ نوٹ بندی کالے دھن کے خلاف کھلی جنگ ہے۔کالے دھن سے دہشت گردوں، نکسلیوں اور عسکریت پسندوں کو طاقت ملتی تھی لیکن اب ان کی کمر ٹوٹ گئی ہے،نوٹ بندی تاریخی اوراچھا فیصلہ ہے،یہ غریبوں کے مفاد میں لیا گیا فیصلہ ہے،اس سے امیر اور غریب کے درمیان فرق کم ہوگا،اس فیصلے کی عالمی طورپر تعریف ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے منی سپلائی اور منی فنڈنگ کے ذرائع ختم ہو جائیں گے۔راج ناتھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے ہی کہا ہے کہ کم سے کم50دن دیجئے،شکوہ شکایت کرنے والے50دن کا وقت دیں،نوٹ بندی قومی مفاد میں لیا گیا فیصلہ ہے۔بینک برانچوں اور اے ٹی ایم کے باہرطویل قطار کی وجہ سے عام عوام کو ہو رہی مصیبت کے سوال پر مرکزی وزیر نے کہا کہ لائن میں کھڑے لوگ بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ مشقت اٹھانے کو تیار ہیں،اس مسئلے کو غیر ضروری طول نہ دیں،عوام کو مشکلات ہو رہی ہیں،ہمیں اس پر تشویش ہے،میں یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ لوگوں کی تکلیف کو دور کریں گے،اسی وجہ سے وزیر اعظم نے50دن کا وقت مانگا ہے۔ہندوستان کے سرجیکل اسٹرائیک کے باوجود پاکستان کی جانب سے مسلسل دہشت گرد انہ حملے اور وہاں کی فوج کی گولہ باری کے سوال پرراج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ہندوستان کی فوج پر اعتماد رکھیئے،ہندوستانی فوج نے ہمیشہ ملک کا وقارمعیار سے بہت اونچارکھاہے۔و اضح رہے کہ آٹھ نومبر کی رات وزیر اعظم نریندرمودی نے500اور1000کے پرانے نوٹوں کو چلن سے باہر کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس کے بعد سے ہی بینک برانچوں اور اے ٹی ایم کے باہر لمبی لمبی قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں۔خاص طور پر تنخواہ آنے کے بعد یکم دسمبر سے بحران مزید گہراہو گیا ہے۔